لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر سمیت چیئرمین و وائس چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ کی نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے، تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخابات رٹرننگ آفیسر و ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ رابعہ سیال کی زیر نگرانی بیگم نصرت بھٹو ہال میں ہوئے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد میئر انور علی لہر اور ڈپٹی میئر محمد امین شیخ 29 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جن کے مدمقابل جے ڈی اے کے میئر کے امیدوار عبدالحفیظ سامٹیو اور ڈپٹی میئر کے امیدوار سید عمران علی شاہ سمیت 3 ارکان نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا، اسی طرح پیپلز پارٹی کے نامزد میئر انور علی لہر اور ڈپٹی میئر محمد امین شیخ کامیاب قرار پائے، دوسری جانب چیئرمین و وائس چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ کے انتخابات رٹرننگ آفیسر و چیف مانیٹرنگ آفیسر ایجوکیشن سورٹھ مظہر ابڑو کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ کونسل ہال لاڑکانہ میں ہوئے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد چیئرمین ضلع کونسل اعجاز احمد لغاری اور وائس چیئرمین اسد اللہ بھٹو 57 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جن کے مدمقابل جے ڈی اے چیئرمین کے امیدوار امیر بخش بھیو اور وائس چیئرمین خدابخش تونیو 8 ووٹ لے سکے اسی طرح ضلع کونسل لاڑکانہ کی چیئرمین شپ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اعجاز احمد لغاری اور وائس چیئرمین کے امیدوار اسد اللہ بھٹو کامیاب قرار پائے، ووٹنگ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے نو منتخب میئر، ڈپٹی میئر سمیت چیئرمین و وائس چیئرمین ضلع کونسل کو پھولوں کے ہار پہناکر مبارکباد دی اور دھول کی تھاپ کر رقص کرتے ہوئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حق میں نعرے بازی بھی کی، دوسری جانب انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو ہال کے باہر تعینات کیا گیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔