کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی حیدرآباد کے شہریوں کو مبارکباد کہ پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں کلین سوئپ کرلیا، جو ہار گئے وہ اپنی شکست تسلیم کریں۔میئر کراچی کے انتخاب کے بعد صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔شرجیل میمن نے کہاکہ ہر ضلع میں ہمارے میئر اور چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، کراچی کے شہریوں نے فیصلہ دے دیا کہ وہ ترقیاتی کام کرنے والوں کے ساتھ ہیں، انتخابات میں مرتضی وہاب اور سلمان مراد نے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہاکہ یہ کامیابی پیپلز پارٹی اور کراچی کی کامیابی ہے، ماضی میں بھی ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے اور سالڈ ویسٹ نے کچرا شہر سے اٹھایا، پانی کی بڑی میگا اسکیم کراچی میں جاری ہیں۔شرجیل میمن نے دعوی کیا کہ کراچی پورے پاکستان میں بہترین طبی سہولیات دینے والا شہر ہے، اب نفرت ختم ہونی چاہیے، جماعت اسلامی کو چاہیے ساتھ مل کر ترقیاتی کاموں میں ساتھ دیں، افسوس جماعت اسلامی نے نتائج کے بعد جو افراتفری کی وہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے امن کا مظاہرہ کیا، ساتھ ہی الزام عائد کیا کہ جماعت کی بسیں بھر کر غنڈے بلائے گئے جنہوں نے ہمارے کارکنان اور پولیس پر پتھرا کیا، جو ہار گئے وہ اپنی شکست تسلیم کریں۔انہوں نے کہاکہ آج جماعت نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جماعت اسلامی والے واپس گھروں کو لوٹ جائیں، گڑ بڑ اور غنڈہ گردی کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، آپ کو ہمارے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، جن پی ٹی آئی اراکین نے جماعت کو ووٹ نہیں دیا انہوں نے پیپلزپارٹی کو بھی ووٹ نہیں دیا، اب جماعت الزام تراشیوں سے باہر آجائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ تصادم کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوئے اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، جماعت اسلامی نے غنڈا گردی دکھائی انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے، سیاسی جماعت بن کر رہیں، سلطان راہی کی سیاست نہ کریں۔اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ان کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، پیپلز پارٹی کے ایم سی میں سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے اور ٹی ایل پی نے بھی آج پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ میئر کراچی کے لیے کیا گیا، 30 افراد نے پی ٹی آئی کی طرز سیاسیت کی وجہ سے ووٹ نہیں دیا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج پر امن احتجاج حق ہے، میئرشپ کے شوق میں حافظ صاحب زمان پارک بھی پہنچ گئے، اس سے لوگوں نے مزید انہیں ووٹ نہیں دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قانونی طور پر جماعت اسلامی جو کرے وہ ان کا حق ہے، وہ الیکشن کمیشن یا عدالت جائیں ان کا حق ہے، ہم نے پی ٹی آئی اراکین سے رابطہ ضرور کیا تھا مگر انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔