لاہور(نمائندہ خصوصی)موجودہ حکومت کے پہلے 9 ماہ کے دوران 22 وزیروں نے 93 غیرملکی دورے کیے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو 18دورں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے دیگر وزرا ءنے ساڑھے 8 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے۔موجودہ حکومت کے پہلے 9 ماہ میں کابینہ کے اراکین نے 93 غیرملکی دورے کیے، وزیرخارجہ نے 3،3 بار امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے دوروں سمیت 18 غیرملکی دورے کیے ۔ وزیر خارجہ کے ان دوروں پر کتنے اخراجات ہوئے اس کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔نجی ٹی وی کے مطابق حنا ربانی کھر 11 غیرملکی دوروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جنہوںنے امریکہ، یو اے ای، چین، سعودی عرب،فرانس اور قطر کے دوروں پر ایک کروڑ 26 لاکھ سے زائد خرچ کیے۔وزیرتجارت نوید قمر اور وزیر پٹرولیم مصدق ملک 7،7 دوروں کے ساتھ برابر رہے لیکن اخراجات کی مد میں نوید قمر مصدق ملک پر بازی لے گئے۔مصدق ملک کے 7 دوروں پر 82 لاکھ 87 ہزار کے اخراجات آئے جبکہ نوید قمر کے 7 دورے خزانے کو 98 لاکھ 24 ہزار میں پڑے۔ وزیرصحت قادر پٹیل کے امریکہ اور سوئٹزرلینڈ کے دو دوروں پر ہی 77 لاکھ 56 ہزار کے اخراجات آئے۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین نے بیرون ممالک کے 5 دوروں پر 77 لاکھ 56 ہزار خرچ کیے۔ شازیہ مری نے 4،فیصل کریم کنڈی نے 2، ساجد طوری نے 3 اور ایاز صادق نے 2 دورے کیے۔عائشہ غوث پاشا اور احسان مزاری نے 4 جبکہ وزیر مذہبی امور نے 5 ممالک کے دورے کیے۔ وزرا ءکے دوروں پر مجموعی طور پر ساڑھے 8 کروڑ خرچ آئے، وزیرخارجہ کے دوروں کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔