اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ سائیکلون سے متعلق میری معلومات کے مطابق بھارت سے رابطہ نہیں، طوفان کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)لیڈ ادارہ ہے۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ری نیوایبل انرجی پر مشترکہ ایکشن پلان پر دستخط کئے جائیں گے، پاک ایران کا17جون کو 2روزہ دوطرفہ سیاسی و تجارتی امور پر مذاکرات کا تیسرا دور تہران میں ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ کریں گے،پاکستان اور بیلجیم کے درمیان دوطرفہ تعاون پر اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے ٹی ٹی پی کے شمالی افغانستان منتقلی کی خبر پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان کی قائم مقام حکومت سے دہشت گردی کے تدارک کے لیے رابطے میں ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیر مملکت خارجہ کے دورہ یورپ میں جی ایس پی پلس ایجنڈے کا حصہ ہے،یونان میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں،ہمارے اکاﺅنٹس کے مطابق نیب کے ذمے وزارت خارجہ کی کوئی رقم واجب الادا نہیں۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی خام تیل اور اس کی مصنوعات کی عالمی منڈیوں سے درآمد ضروری ہے، روس سے پاکستان نے خام تیل گہرے مذاکرات اور ڈیل کے بعد منگوایا،پاکستان کو اپنی توانائی کے تحفظ کے لیے اقدامات اختیار کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، روس سے خام تیل و مصنوعات کے لیے معاہدہ روسی وزارت پیٹرولیم سے ہوا تھا۔دفتر جارجہ کی ترجمان نے کہاکہ وزیر خارجہ کے دورہ عراق میں چند معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، عراقی حکومت نے رضامندی ظاہر کی کہ پاکستان نجف میں جلد قونصل خانہ کھولے گا،پاکستان اور عراق کے درمیان فری سروس شروع کرنے کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔