کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ فلڈ پروجیکٹ کے لیے 100ملین ڈالرز جاری ہوئے تھے جس میں سے 81فیصد خرچ ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات ریجنل ڈائریکٹر جان روم کی سربراہی میں ہوئی۔ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ فلڈ پروجیکٹ 212 ملین ڈالرز کا منصوبہ ہے، منصوبے کے لیے 100 ملین ڈالرز جاری ہوئے تھے جس میں سے 81 فیصد خرچ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلڈ ایمرجنسی کا کام جاری ہے، کینالز کے شگاف بھرے جا چکے ہیں، پمپنگ اسٹیشنز کی مرمت کی گئی ہے، کینال کے ریگولیٹرز کی بھی مرمت کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد کاشت کاروں کو گندم کے بیج کی مد میں 5.61بلین روپے دیے گئے ہیں، ہر ایک کاشت کار کو 5 ہزار روہے فی ایکڑ کے حساب سے دیے ہیں۔