اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئی جے پی روڈ کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نام سے منسوب کردیا ہے۔ بدھ کو فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ تک کیپٹن کرنل شیر خان شہید (سابقہ آئی جے پی )روڈ کی از سر نو تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سابقہ آئی جے پی روڈ کو مادر وطن کے دفاع کے لئے بے مثال جرت ، بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے نام سے منسوب کرنے کااعلا ن کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ساب ق ارکان قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک ابرار ، انجم عقیل خان ، ملک شکیل اعوان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کے علاوہ چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل اور کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار موجود تھے۔یہ روڈ 9.8کلومیٹر طویل سڑک فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ (پشاور موڑ راولپنڈی) تک از سر نو تعمیر کی گئی ہے۔ اس منصوبے میں 2 اوور ہیڈبرج بنائے گئے ہیں۔ موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد اس پر کام تیز کر کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔