اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر توانائی(پاور ڈویژن)خرم دستگیر کے احکامات کی روشنی میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) نے 350افسران وسٹاف پر مشتمل 70ٹیمیں حیسکو حیدرآباد سندھ روانہ کردی۔ فیسکو ٹیم سندھ میں بیپر جوائے طوفان کے پیش نظر ممکنہ متا ثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے کاموں میں حصہ لے گی۔چیئرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد کی نگرانی میں فیسکو ٹیموں کو روانہ کردیا گیا۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمدکا کہنا تھا کہ آفت کی اس گھڑی میں ہم اپنے ہم وطن سندھی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی ہرممکن مدد اور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔وزیر اعظم پاکستان کے حکم پرآفت کی اس گھڑی میں بحالی کے کام کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایاجائے گا۔چیف ایگزیکٹو انجینئر بشیراحمد نے کہا کہ فیسکو ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ ہیں اور انہیں طوفان کے دوران بجلی بحالی کیلئے ہر طرح کے سازوسامان سے آراستہ کیاگیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے جذبے بلند ہیں اور من حیث القوم یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کے کسی کونے میں بھی کوئی ناگہانی آفت آتی ہے تو ہم سب مل کر ڈٹ کر اس کا مقابلہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بجلی بحالی کیلئے 70گینگ 350/فیسکو افسران و سٹاف پر مشتمل ٹیم سندھ روانہ کی گئی ہے جس میں شعبہ آپریشن،کنسٹرکشن،جی ایس او،جی ایس سی سمیت مختلف شعبوں سے ایکسئین،ایس ڈی اوز،لائن سپرنڈنٹ اور لائن سٹاف شامل ہے۔علاوہ ازیں واپڈا ہسپتال کی طرف پیرامیڈیکل سٹاف پر مشتمل ایک عدد جدید ایمبو لینس بھی اپنے فرائض سرانجام دے گی اور طوفان کے تھمنے کے بعد بحالی کے کاموں کے مکمل ہونے تک متاثرہ علاقوں میں رہیں گی۔