کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے چشمہ گوٹھ ابراہیم حیدری کا ہنگامی دورہ کیا، اس موقع پر علاقہ مکینوں نے گورنر سندھ کا والہانہ استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے وہاں موجود ماہی گیروں اور دیگر متاثرین میں کھانا اور راشن تقسیم کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل بارش ہورہی تھی مجھے کہا گیا کہ یہاں نہ آو¿ں، میں نے کہا کہ ابراہیم حیدری کے عوام میرا انتظار کررہے ہیں ضرور جاوں گا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ میں آپ کا بھائی ہوں،گورنر رہوں نہ رہوں آتارہوں گا، محبت بانٹنے آو¿ں گا ووٹ مانگنے کبھی نہیں آو¿ں گا ، انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ راشن سے گھروں کے چولہے جلنا شروع ہوجائیں گے، اس وقت ہزاروں افراد بیروزگار ہو چکے ہیں،ان کے گھروں میں طوفان سے قبل ہی طوفان آچکا ہے، کیونکہ مچھلی ، جھینگا پکڑنے اور گھڑ سواری کروانے والوں سمیت دیگر افراد کا کاروبار بند ہوچکا ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ روزانہ 5000 افراد کا کھانا گورنر ہاو¿س سے آئے گا ، جبکہ چشمہ گوٹھ کے 200 بچوں کے مکمل تعلیمی اخراجات برداشت کروں گا، انہوں نے مزید کہا کہ طاقتور پاکستان کے تحت چشمہ گوٹھ میں مہینہ کا راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمارے لئے کوئی مسیحا نہیں آئے گا،ہمیں خود اپنا مسیحا بننا ہوگا۔