اسلام آباد ( کامرس رپورٹر )وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے قومی اسمبلی کوبتایا ہے کہ بجٹ میں تاجروں اوربزنس کمیونٹی کی تجاویز اوربے قاعدگیوں سے متعلق دو کمیٹیاں قائم کردی گئی ہے، نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ پربحث کے تمام نکات نوٹ کئے جارہے ہیں،بجٹ سے متعلق اراکین کی تجاویز اورسفارشات کو نوٹ کیا جارہاہے، وزیرمملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا قائمہ کمیٹیز میں بھی جارہی ہے۔ منگل کو اجلاس میں وزیرخزانہ نے بتایا کہ یہ ایک روایت رہی ہے کہ بجٹ پیش ہونے کے بعد تاجروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے بزنس کمیٹی اوربجٹ میں کسی بے قاعدگی یا بے ضابطگی کی نشاندہی کیلئے اناملی کمیٹی قائم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کے ساتھ مشاورت کے بعد دونوں کمیٹیاں قائم کردی گئی ہے، بزنس کمیٹی کی قیادت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس کے صدرکریں گے جس میں ایف بی آر کے ممبرکسٹمزپالیسی اورممبران لینڈریونیو وائس چئیرمین ہوں گے، اس کمیٹی میں مختلف ایوان ہائے صنعت وتجارت کے نمائندے شامل ہوں گے، اناملی کمیٹی کی صدارت اشفاق تولہ کریں گے جبکہ اس کمیٹی میں بھی ایف بی آر کے ممبرکسٹمزپالیسی اورممبران لینڈریونیو وائس چیئرمین کے فرائض سرانجام دیں گے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ بجٹ سے متعلق اراکین کی تجاویز اورسفارشات کو نوٹ کیا جارہاہے، وزیرمملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا قائمہ کمیٹیز میں بھی جارہی ہے، قومی اسمبلی اورسینیٹ میں وزارت خزانہ کی ٹیم موجود ہے جو اراکین کی تمام تجاویز کو نوٹ کررہی ہے۔