اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول میں ممکنہ طوفان کے پیش نظر سوموار کو متعلقہ حکام سے ہنگامی رابطے کئے۔کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، ابراہیم حیدری، مبارک ویلیج سمیت طوفان سے ممکنہ متاثرعلاقوں میں اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گفتگو کے دوران اپنی وزارت کی جانب سے ہرممکن تعاون کی پیشکش کی۔انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کو گجر نالہ، اورنگی نالہ کی صفائی اور بہاو کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سید امین الحق نے کہا کہ تیزرفتار ہواو¿ں سے بجلی کے کھمبے،درخت اکھڑنے، بل بورڈز گرنے کاخدشہ اور بارشوں سے سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے، نالوں کی صفائی ، نکاسی آب کےنظام اورٹوٹی سڑکوں کی ہنگامی مرمت سے صورتحال کو بہتر کیا جاسکتاہے، بجلی کے ترسیلی نظام کیلئے، کے الیکٹرک کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کےلئے تیار رہنا چاہیے۔سید امین الحق نے پی ڈی ایم اے کے سلیمان شاہ کو ٹھٹھہ، سجاول، کیٹی بندر سمیت تمام علاقوں سےرہائشیوں کی نقل مکانی میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی۔میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے بجلی، انٹرنیٹ کا نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان کو بھی ہدایات جاری کر دی، ٹیلی کام کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ ٹاورز اور آپٹیکل فائبر کیبل کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں، ممکنہ طوفان اور شدید بارشوں میں نیٹ ورکنگ نظام کو فعال رکھنے کے اقدامات کیئے جائیں، ہنگامی صورتحال میں انٹرنیٹ وموبائل سروسزبحال رکھنے کے متبادل اقدامات لازمی ہیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا پی ٹی اے ٹیلی کام کمپنیوں سے مکمل رابطے میں رہے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔