کراچی/ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے پیش نظر ساحلی پٹی کے شہروں سے لوگوں کا انخلا رات بھر جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کیٹی بندر کی 13 ہزار آبادی خطرے میں ہے، 3 ہزار کو رات بھر میں منتقل کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گھوڑاباڑی کی 5 ہزار آبادی کو خطرہ ہے، جس میں سے 100 لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، شھید فاضل راہو کی 4 ہزار آبادی کو طوفان کا خطرہ ہے،3 ہزار لوگوں کو منتقل کیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ بدین کی 2 ہزار 500 آبادی میں سے 540 ابھی تک محفوظ مقام پر منتقل ہو چکے ہیں، شاہ بندر کی 5 ہزار آبادی میں سے طوفان پیش نظر 90 لوگوں کو منتقل کیا جاچکا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ جاتی میں 10 ہزار لوگ آباد ہیں، جس میں سے 100 لوگوں کو منتقل کیا گیا، ابھی تک 40 ہزار 800 میں سے 6836 لوگ منتقل ہو چکے ہیں دیگر کی منتقلی جاری رہےگی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹھٹھہ، بدین، اور سجاول اضلاع کے لوگوں کو بھی آج انتظامیہ منتقل کرتی رہےگی، وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی ہے انتظامیہ سے تعاون کریں اور محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔