اسلام آباد( بیورو رپورٹ) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کی اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اگلے اجلاس میں سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او کو طلب کر لیا ہے،کمیٹی نے پی سی ون میں کئی سالوں کی تاخیر پر5ارب روپے سے زائد ادائیگیوں کے معاملے پر سیکرٹری مواصلات کو 7روز میں انکوائری مکمل کرکے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی ہے،کمیٹی نے پاکستان پوسٹ میں بڑھتے ہوئے خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پاکستان پوسٹ سے بریفنگ طلب کر لی۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نورعالم خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری مواصلات اور ڈی جی پاکستان پوسٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان سمیت نیب اورایف آئی اے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حواے سے آڈٹ اعتراضات کے موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او کی عدم موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے پر سیکرٹری دفاع کو خط لکھنے اور اگلے اجلاس میں دونوں افسران کو اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔