کراچی(نمائندہ خصوصی) میئر الیکشن کے لیے مسلم لیگ(ن)نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت اور اپنے امیدوار دستبردار کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر اور بلدیاتی سربراہان کے انتخابات 15 جون کو ہوں گے۔ ن لیگ نے میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کی حمایت کا حتمی فیصلہ کیا ہے اور مرکزی قیادت نے اپنے فیصلے سے پی پی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔یہ فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر کیا گیا ہے اور ن لیگ کے ڈپٹی میئر کے امیدواروں کو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے۔اس حوالے سے ن لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے پارٹی کی مرکزی قیادت کے فیصلے سے پی پی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے امیدوار آپ کے حق میں دستبردار ہوں گے۔مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے پارٹی قائد کے حکم پر ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے 14 اراکین میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے بھی ن لیگ کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے اور دونوں جماعتوں نے مل کر شہر قائد کی ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے مرتضی وہاب اور جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ دونوں جماعتیں اپنی اپنی عددی اکثریت اور کامیابی کے دعوے کر رہی ہیں۔