کراچی( نمائندہ خصوصی) شہر قائد میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کی پہلی تحقیقات پر ایکشن ہوا نہیں تھا کہ اسٹیل ٹاﺅن کے علاقے ولی ٹاﺅن میں ایک اور سرنگ پکڑی گئی۔تفصیلات کے مطابق پارکو پائپ لائن سے تیل کی چوری کی تحقیقات ایک طرف، منظم گروہ کی وارداتیں دوسری طرف، پارکو آئل چوری کی تحقیقات پر ایکشن سے قبل ایک اور سرنگ پکڑی گئی۔اسٹیل ٹاﺅن تھانے میں پارکو اسسٹنٹ سیکیورٹی افسر رفیق کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف تیل چوری کی کوشش پر درج کروایا گیا ہے۔مقدمے کے متن میں لکھوایا گیا کہ میں بحیثیت اسسٹنٹ سیکیورٹی افسر ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہوں، ہماری کمپنی پارکو پیپکو کی زیر زمین پائپ لائن پورٹ قاسم سے ماچھی تک جاتی ہے، میرے سپروائزر نے اطلاع دی کہ کے ایم 008 وی او پی ایریا میں سرنگ کا شبہ ہے، جس پر ہم فوری طور پر اپنی ٹیم اور تھانے کے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ڈیوٹی افسر نے بتایا ایک چار دیواری کے اندر دو کمرے بنے ہوئے تھے، چیک کرنے پر 5 فٹ چوڑا 5 فٹ لمبا اور 10 فٹ گہرا گڑھا بنا ہوا مل گیا، گڑھے کے اندر 3 فٹ چوڑی 3 فٹ اونچی 12 فٹ لمبی سرنگ بنی ہوئی تھی، جسے چھپانے کے لیے اس پر لکڑی کا تختہ رکھا گیا تھا۔