لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ الحمداللہ، اتحادی حکومت نے روس سے خام تیل پاکستان لانے کا وعدہ سچ کر دکھایا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسے کہتے ہیں ملک اور قوم کے مسائل حل کرنے کی اہلیت اور نیت، اسے کہتے ہیں وعدوں کی تکمیل، اسے کہتے ہیں عوام کی سچی خدمت۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ کی طرح عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کر رہے ہیں، ایک سال کی مخلصانہ اور دیانتدارانہ محنت رنگ لا رہی ہے۔واضح رہے کہ روس سے خام تیل لے کر پہلا جہاز پاکستان پر پہنچ گیا ہے، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے عوام جلد خوشخبری سنیں گے۔