کراچی(نمائندہ خصوصی) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سمندری طوفان کے باعث کراچی میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کے سبب کراچی میں موسلادھاربارش اور آندھی کی پیشگوئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔کراچی میں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر سی اے اے کے شعبہ ایئرسائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔سی اے اے حکام کے مطابق ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے اور آلات کو بھی حساس مقامات سے ہٹادیا جائے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جہازوں سے پرندوں کو دوررکھنے کیلئے اضافی برڈ شوٹرزتعینات کیے جائیں، رن ویزکے اطراف ہرقسم کے گڑھوں کوبھرنے کاکام فوری مکمل کیا جائے۔