کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اٹلی کے لازیو ریجن (Region Lazio ) کے محتسب مرینو فرڈیلی (Marino Fardelli) نے گورنر ہاو¿س میں ملاقات کی ۔ یاد رہے کہ مرینو فرڈیلی اٹلی کے محتسب کے اداروں کے قومی رابطہ کے صدر بھی ہیں۔ اس موقع پر اٹلی کے قونصل جنرل ڈینیلو جیورڈینیلا (Danilo Giurdanella) اور صوبائی محتسب اعجاز علی خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں عوام کی شکایات کے ازالے میں محتسب کے ادارہ کے کردار ،عوام کو سستے انصاف کی فراہمی میں اس کی اہمیت،محتسب کے اداروں کے باہمی تعاون کی ضرورت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ محتسب کے اداروں کے باعث عام آدمی کی شکایات کے ازالہ میں مدد مل رہی ہے اس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی بھی بہتر ہورہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ بھی اس ضمن میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔ ملاقات کے بعد مرینو فرڈیلی نے گورنر سندھ کو ستمبر میں محتسب کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔گورنرسندھ نے اٹلی وفد کو گورنرہاﺅس میں بابائے قوم کے تاریخی کمرہ کا دورہ کرایا اور بابائے قوم کے زیر استعمال اشیاءسے متعلق آگاہ بھی کیا ۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے وفد کو گورنرہاﺅس کے باہر نصب امید کی گھنٹی سے متعلق بتایا کہ اس گھنٹی کو بجا کر مشکلات کا شکار افراد رات 12 بجے سے صبح 8 بجے تک رجوع کرتے ہیں جن کا مسئلہ فوراً حل کرادیا جاتا ہے اس گھنٹی کو لگانے کا مقصد رات جب سب سو جاتے ہیں اس وقت مشکلات میں گھرے افراد کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔مرینو فرڈیلی نے گورنر سندھ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوام کے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا