لاہور ( بیورو رپورٹ) پاکستان ریلویز کے ماہر انجینئرز نے ریلوے انجنوں کے لیے استعمال ہونے والا وی ایچ ایف انٹینا مقامی طور پر تیار کر لیا ہے جس سے ریلوے پرزوں کی درآمد کے خرچے میں تقریباً 3 کروڑ روپے کمی آئے گی۔ اس سے قبل یہ انٹینے دوسرے ممالک سے درآمد کیے جاتے تھے۔ ریلوے انجینئرز نے وی ایچ ایف انٹینا سگنل شاپ میں تیار کیا ہے اور اس کی کامیاب ٹیسٹنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ اس اہم کامیابی پر وزیر ریلوے نے ریلوے انتظامیہ کو شاباش دی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے انتظامیہ کو اس ماہ کے آغاز میں امپورٹ ہونے والے پرزوں کی مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ پر ورکنگ تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر ریلوے کی ہدایات پر انجینئرز کی جانب سے مقامی سطح پر پارٹس کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس سے دوسرے ممالک میں تیار ہونے والے پرزوں پر انحصار میں کمی آئے گی۔