لاہور( بیورو رپورٹ )ٓل پاکستان یوتھ تنظیموں نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک گیر ’’ریڈ لائن پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔ذرائع کے مطابق آل پاکستان یوتھ تنظیموں نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اس موقع پر کنونشن ہوا جس میں شرکا نے 9 مئی کو ہونے والے شرپسند واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہیے۔کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور افواج پاکستان ہماری سلامتی اور بقا کی ضامن ہیں۔ اس موقع پر ملک گیر ’’ریڈ لائن پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس نے ہم سب کے سر شرمندگی سے جھکا دیے ہیں۔ منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور تخریب کاروں نے وہ ظلم کیا جس کا ملک دشمن خواب دیکھتے دیکھتے تھک گیا۔ تخریب کاروں اور قائد کا گھر جلانے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات رونما نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، پاکستان کے نوجوان ریاست پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔