اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال 2023-24 کے دوران ورکنگ جرنلسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ اور آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کرےگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریٹائرڈ وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی 17.5 فیصد اضافہ کیا گیاہے۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے وفاقی سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاونس کی شکل میں گریڈ 1 سے 16 تک کیلئے 35 فیصد جبکہ گریڈ 17-22 تک کیلئے 30فیصد کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرنے والوں کے حوالہ سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے ان کی طرف سے کیش نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس دوبارہ نافذ کیا ہے۔