لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرئیول،تحریک انصاف کا روشن مستقبل نظر آ رہا ہے، ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق ہے، آئین کے مطابق چلنا ہے تو الیکشن کرانے پڑیں گے،بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق ،عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، عبوری حکومت کو بجٹ پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا،وفاق نے 12ماہ کا بجٹ دیا اور پنجاب نے 4ماہ کے بجٹ کا فیصلہ کیا، عبوری حکومت کو بجٹ پر نظر ثانی کرنا ہوگی، عوام کو اس بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔