لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی 9 مئی واقعات سے متعلق 3 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار شاہ محمود قریشی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ بے گناہ ہوں، بد نیتی کی بنیاد ہر مقدمات میں ملوث کیا گیا، شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں، گرفتاری کا خدشہ ہے، ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 27 جون تک شاہ محمود قریشی کی تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔