کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ادارہ یادگار غالب لائبریری کے گیارہ رکنی وفد نے گور نر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قارئین کی معلومات میں اضافے میں لائبریریوں کے کردار، ان میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ لائبریریاں معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں، خصوصاً طالب علم کے لئے لائبریریاں علم کے ذخیرہ کی حیثیت رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ غالب لائبریری شہر کی اہم ترین لائبریریوں میں سے ایک ہے، اور اس سے طویل عرصہ سے طالب علم مستفید بھی ہورہے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ غالب لائبریری کے مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کروں گا، انہوں نے مزید کہا کہ اسے ایک عظیم الشان لائبریری بنائیں گے۔