کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ کے مالی سال 2023-24 کا بجٹ آج(ہفتہ)10 جون کو پیش کیا جائے گا، صوبہ سندھ کے بجٹ 2023 میں ترقیاتی پروگرامز کے لیے 4 کھرب سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت کراچی کے منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 4 کھرب 10 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت کراچی کے لیے غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔صوبے کے ترقیاتی بجٹ کا فوکس 2022 کی بارشوں اور سیلاب کے دوران تباہ بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی پر رکھا گیا ہے۔بجٹ میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 980 بلین روپے اور ضلع کے لیے 30 بلین روپے رکھے گئے ہیں۔ترقیاتی بجٹ میں 33 سو 11 اسکیموں کے لیے 291.727 بلین روپے جبکہ نئی 19 سو 37 اسکیموں کے لیے 88.273 بلین روپے رکھے گئے ہیں۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سندھ میں پہلے سے جاری اسکیموں کے لیے تقریبا 80 فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ سندھ کے دو محکموں صحت اور زراعت کے مالی سال 2023-24 کا بجٹ سامنے آگیا۔صوبے کے بجٹ کا کل حجم تو تاحال سامنے نہیں آسکا، تاہم صوبے کے محکمہ صحت اور زراعت کے بجٹ کی تفصیلات سامنے آئی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے 217 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 20 ارب 15 کروڑ روپے کا بجٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں 7 ارب 8 کروڑ روپے کی لاگت سے 86 نئی اسکیمیں بنانے کی سفارش کی گئی ہے، جب کہ 2 ارب 55 کروڑ روپے کی لاگت سے 12 ٹیچنگ ہسپتالوں کے منصوبے، 3 ارب 51 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف اسپتالوں کے لیے 69 نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔دوسری جانب محکمہ زراعت سندھ نے نئے مالی سال میں 7 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ زراعت کی توسیع کے 11 منصوبوں کے لیے 44 کروڑ 31 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے 24 کروڑ روپے کی 4 نئی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔