اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کوڈ وزارت قانون و انصاف کی طرف سے شروع کی گئی ایک نئی ویب سائٹ ہے جس کا مقصد وفاقی قوانین کو عام لوگوں، ججوں، پراسیکیوشن، وکلاء، قانون کے طلباءاور محققین کےلئے اپنی پسند کے چینل کے ذریعے کہیں بھی، کسی بھی وقت قابل رسائی بنانا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پنجاب کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے وکلاءکے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔ سیکرٹری قانون راجہ نعیم اکبر نے وزیر قانون اور تمام شرکاءکو ویب سائیٹ کے حوالے سے پریذنٹیشن دی۔ پاکستان کوڈ کے نام سے نئی ویب سائٹ جس میں تمام جدید قوانین شامل ہیں۔ لیگل ایجوکیشن اور بار ووکیشنل ٹریننگ پروگرام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور وکلاءکے تربیتی کورسز سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاءنے نوجوان وکلاءکی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے پر وزیر قانون کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ اس سے قانونی پیشے میں خدمات کے معیار میں یقیناً بہتری آئے گی۔