کراچی(نمائندہ خصوصی)کے الیکٹرک کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ادارے کی نجکاری قوانین کے مطابق مکمل کی گئی، کے الیکٹرک کی تمام معلومات عوامی سطح پردستیاب ہیں، معاہدوں کی شرائط و تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نجکاری سے اب تک کی کاوشوں کا ثبوت کراچی کی معاشی ترقی کی صورت میں موجود ہے۔ معاشی ترقی میں اہم کردار بجلی کی تقسیم کے نظام میں کی جانے والی سرمایہ کاری ہے۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک کی نجکاری کے خلاف حال ہی میں ایک اہم سماعت بھی ہوئی، معزز بینچ نے درخواست کو حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف قرار دیا، معزز بینچ نے درخواست گزاروں کا کیس پروٹوکول کے تحت خارج کرنے کے بجائے واپس لینے کی اجازت بھی دی۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہاکہ درحقیقت اس وقت بھی کراچی کے 70 سے 75 فیصد علاقوں میں بجلی کی ترسیل بلا تعطل جاری ہے۔ شہر کے جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے وہ صرف 20 سے 25 فیصد تک محدود ہیں، عدم ادائیگیوں یا بجلی چوری جیسے مسائل والے علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ جن علاقوں میں مسائل میں کمی آتی ہے، وہاں بجلی کی سپلائی میں بھی بہتری آتی ہے۔ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے نجکاری کے بعد اب تک تقریبا 474 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، نجکاری کے بعد سے اب تک بجلی کے لیے ترسیلی نقصانات کو آدھا کیا، صارفین کی تعداد کو دگنا کیا ہے۔