کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے باغ کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج شہر قائد کے باسیوں کے لئے ایک تاریخی دن ہے ،انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل ہال میں عوام کے منتخب نمائندے شہر کے متعلق ضروری فیصلے کرتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے موجودہ کونسل ہال میں نو منتخب ممبران کیلئے جگہ کی کمی کا سامنا تھا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نئے کونسل ہال میں 600 نشستوں کی گنجائش ہوگی اور یہ عمارت آئندہ سو سال تک سٹی کونسل کی ضروریات کو پورا کرے گی، جبکہ نئی کونسل بلڈنگ میں میڈیا گیلری، میئر / ڈپٹی میئر / میونسپل کمشنر اور میڈیا کے دفاتر ہوں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کونسل ہال کی نئی عمارت کی تعمیر میں ماہرین تعمیرات کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دعا ہے کہ سٹی کونسل میں کئے جانے والے فیصلے شہر اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں ہوں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے مختصر وقت میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔