کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یونٹی فوڈز کی معاونت سے آج مستحق افراد میں راشن بیگس تقسیم کئے جارہے ہیں ، اس وقت طاقتور پاکستان کا ابتدائی مرحلہ یونٹی فوڈز کمپنی کے تعاون سے جاری ہے ، اس پروگرام کے تحت ایک لاکھ افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں مستحق افراد میں راشن بیگ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ایک راشن بیگ پانچ افراد کی مہینہ بھر کی ضرورت پوری کرے گا،27کلو وزنی راشن بیگ میں مختلف اشیا شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی یونین کونسلز میں رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کریں گے جس کے بعد گورنرہائوس یا بذریعہ کوریئر سروس راشن فراہم کیا جائے گا یہ کراچی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں راشن بیگز تقسیم ہوں گے جس کے تحت پنجاب و بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 10،10 ہزار راشن بیگز تقسیم ہوں گے اسی طرح پاک آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے ذریعہ بھی مستحق تک یہ راشن بھیجے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 20ہزار راشن بیگز آئندہ چند روز میں گورنرہائوس میں پہنچ جائیں گے ہماری پوری کوشش یہی ہے کہ کسمپرسی کے شکار افراد کو بھرپور معاونت فراہم کی جا سکے کیونکہ اس وقت 20،سے 25 ہزار کمانے والوں کے لئے حالات بہت مشکل ہیںتاہم اس پروگرام کے تحت 6ماہ تک مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہاوس کے باہر گھنٹی لگائی تھی تاکہ لوگ شکایات بتائیں جبکہ طاقتور پروگرام کے تحت 1لاکھ راشن یو سی کے تحت اگلے ہفتے سے شروع کیا جائے گا ،اس پروگرام کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ پہلے مستحق افراد کے کارڈز بنوائے جائیں گے جس کے بعد کارڈ دکھا کرلوگ گورنر ہاوس سے راشن لے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی میں عوام شدید پریشان ہے، ہم ہر اس جگہ جائیں گے تاکہ لوگوں کی مدد کرسکیں، پہلے کہ چکا ہوں کہ جب تک میں گورنر ہاوس میں ہوں عوام کی فلاح بہبود کے کام کرتا رہوں گا،اس وقت سب اپنی اپنی سیاست میں لگے ہوئے ہیں لیکن میری یہی کوشش ہے کہ کچھ ایسے کام کرسکو جس سے لوگوں کے کم سے کم آنسو پونچھے جاسکیں ۔