کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ HVACR سیکٹر جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے ریونیو پیدا کر کے اور بے روزگاری کے خلاف لڑ کر معیشت کو سہارا اور منسلک صنعتوں کو بھی حوصلہ دے رہا ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کی معاشی بقا کا انحصار زیادہ سے زیادہ برآمدات پر ہونا چاہئے تاکہ درآمدات پر ہمارا انحصار کم کیا جا سکے، ہمیں ایک ایسی حکمت عملی اپنانی ہو گی جو غیر ملکی مصنوعات اور تکنیکوں کا کامیابی سے مقابلہ کر سکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان HVACR سوسائٹی کے زیر اہتمام 28ویں HVACR بین الاقوامی ایکسپو اور کانفرنس 2023کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں صدرKCCI طارق یوسف، صدر ASHRAE USAفاروق محبوب، صدر پاکستان HVACR سوسائٹی احمد نواز کے علاوہ ایگزیکٹو کونسل کے ممبران بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امریکہ، جرمنی، چین، تھائی لینڈ ، ترکی، اسپین اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے معزز مندوبین کی تقریب میں شرکت خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ پیشہ ور ماہرین، انجینئرز دانشوروں، صنعتکاروں اور تاجروں کا اس فورم میں شامل ہونا باعث فخر ہے، فورم میں شامل ہونے والے زیادہ تر ہیٹنگ، وینٹی لیشن، ایئر کنڈیشننگ اور ریفریجریشن انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمارا نجی شعبہ ملک کی صنعتی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے، پاکستان کے HVACR سیکٹر نے اپنے طور پر ملک کی پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی ہے، جبکہ یہ ایونٹ ہماری صنعتوں، ٹیکنالوجیز اور جدت کو دنیا کے سامنے دکھانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں HVACR انڈسٹری کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہو رہی ہے کیونکہ یہ صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ایئر کنڈیشننگ انسانی سکون کے علاوہ مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جارہا ہے، جبکہ ریفریجریشن کا عمل فوڈ پروسیسنگ، ڈیری، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، پلاسٹک اور کیمیکل انڈسٹریز کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے، ریفریجریشن کے عمل کے ذریعے ہم بڑی مقدار میں مختلف اشیاءکو ضایع ہونے سے بچا سکتے ہیں، پھلوں اور سبزیوں کے شعبے میں اور کھیتوں سے صارفین تک نقل و حمل کے لیے مناسب حالات میں خوراک ذخیرہ کر سکتے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یہ ایکسپو ہماری اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں فراہم کرے گا۔