اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سینئر وکیل عبدالرزاق شر سے متعلق بات پورے وثوق سے کی ہے،کسی دہشتگرد سے مذاکرات نہیں ہوں گے، جو کام تحریک انصاف نے کیا ہے میں نہیں سمجھتا کہ معافی ملنی چاہیے۔ایک انٹرویومیں عطا تارڑ نے کہا کہ میں نے جو پریس کانفرنس کی تو کچھ نہ کچھ معلومات ہمیں ملی ہوں گی، میں نے جو بات کی ہے پورے وثوق اور شواہد کی بنیاد پر کی ہے، ہمارا عزم ہے کہ وکیل کے قتل کا کیس منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی سہولت کاری اور چند مخصوص ججز کی سہولت کاری سے وہ راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں، کوئی گرفتار یا تحقیقات کرنے جائے تو پیٹرول بم مار دیتے ہیں، مذاکرات کا ایک وقت تھا ہم نے ہر طرح سے تعاون کیا لیکن انہوں نے یادگارشہدا کو آگ لگائی، کسی دہشتگرد سے مذاکرات نہیں ہوں گے، جو کام تحریک انصاف نے کیا ہے میں نہیں سمجھتا کہ معافی ملنی چاہیے۔