کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پاکستان کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈجوبلی کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ وطن عزیز کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے اور تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان میں حصہ لینے والے رہنماﺅں کو نئی نسل سے متعارف کرایا جائے، اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ان پروگراموں کے انعقاد کو یقینی بنائے گی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے خصوصی لوگو بھی تیار کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق میونسپل کمشنر افضل زیدی اس کمیٹی کے سرپرست اور سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد کمیٹی کے کنوینر ہوں گے دیگر ممبران میں ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم امتیاز ابڑو، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ سمیرا حسین، ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجہ رستم اور میڈیا کوآرڈینیٹر برائے ایڈمنسٹریٹر سکندر بلوچ شامل ہیں، پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے اہم موقع کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مختلف پروگرام ترتیب دیئے ہیں
جن میں شہر کے مختلف علاقوں میں شجر کاری مہم ، مشاعرہ اے وطن تو سلامت رہے اور دیگر موضوعات پر مشاعرے ، کراچی ماضی، حال اور مستقبل اور شہر قائد کی تاریخی و سیاسی اہمیت پر مذاکرے، سرکاری و بلدیاتی اسکولوں کے طلبا و طالبات کے درمیان مقابلہ قومی نغمات اور مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 75 سال اور شہری خدمات، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بلدیاتی نظام اور ارتقاءکے موضوع پر کتابوں کی اشاعت، ڈائمنڈ جوبلی ایوارڈزکا انعقاد، ماہ اگست میں کے ایم سی کی مختلف عمارتوں پر چراغاں اور آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس ، سائکلنگ اور باکسنگ سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے اور گدھا گاڑی ریس کا بھی اہتمام کیا جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی وہ واحد بلدیاتی ادارہ ہے جس نے ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پروگراموں کو انعقاد کرکے پاکستان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ وہ شہر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ علمی، ادبی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد بھی کرتی رہی ہے
قائد اعظم محمد علی جناح کے اعزاز میں پہلا شہری استقبالیہ دینے کا اعزاز بھی کے ایم سی کو حاصل ہے جبکہ دنیا کے سو سے زیادہ ملکوں کے سربراہان اور مختلف شہروں کے میئرز کے اعزاز میں تقریبات کا اہتمام بھی کے ایم سی کرتی رہی ہے، اسی طرح شہر کی بہتری ، خوبصورتی اور دلکشی کو بڑھانے کے لئے بھی کے ایم سی نے لاتعداد پروگراموں کا انعقاد کیا تاکہ اس شہر کی رونقیں بحال رہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے توقع ظاہر کی کہ ان پروگراموں کے انعقاد سے عوام خصوصاً بچوں اور نوجوانوں میں اپنے وطن سے محبت کا جذبہ پیدا ہوگا اور کراچی کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر ہوگا، انہو ںنے کہا کہ جو ادارے اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ اشتراک کرنا چاہیں انہیں خوش آمدید کہا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس سلسلے میں پروگراموں کا آغاز کردیا ہے جو 14 اگست تک جاری رہیں گے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں میونسپل کمشنر افضل زیدی، کمیٹی کے کنوینر علی حسن ساجد،میڈیا کوآرڈی نیٹر برائے ایڈمنسٹریٹر سکندر بلوچ اور دیگر ممبران نے شرکت کی اور پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔