کراچی (نمائندہ خصوصی)ایم کیو ایم پاکستان کے ایک وفد نے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں اسٹیل ملز کا دورہ کیا اور سی ای او اسٹیل ملز و دیگر انتظامیہ سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں سینیٹر و چیئرپرسن وزارت صنعت مجلس قائمہ خالدہ اطیب اور ممبر قومی اسمبلی و ملازمین بحالی کمیٹی کشور زہرہ شامل تھیں۔ ملاقات میں اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کی بحالی، پینشنز سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز سمیت دیگر اداروں کے ہزاروں برطرف ملازمین کی بحالی کا فیصلہ خصوصی کمیٹی برائے ملازمین ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر مندو خیل کی زیرِ صدارت میں ہوچکا ہے لیکن اب تک برطرف ملازمین کو بحال نہیں کیا گیا۔ ہم نے آج اس سلسلے میں جو بھی رکاوٹیں اور تحفظات تھے اس پر انتظامیہ سے تفصیلی گفتگو کی اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بھرپور دلائل پیش کرکے اسٹیل ملز انتظامیہ کو قائل کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے ہزاروں لوگوں کو ایک ساتھ برطرف کردینا ملازمین کے گھروں کے چولہوں کو ٹھنڈا کردینا ان کے بچوں سے تعلیم حاصل کرنے کا حق چھین لینا کہاں کا انصاف ہے۔ ہم نے آج سی ای او اسٹیل ملز کو کہا کہ آپ اس مسئلے پر حکومت کا آگاہ کریں تاکہ یہ مسئلہ جلد از جلد حل ہوسکے اور ملازمین کی مشکلات کم ہوں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ وزیر اور ایم این ایز مل بیٹھ کر کوئی حکمت عملی بناکر وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے سامنے رکھیں تاکہ ایک پالیسی کے تحت قرار داد پاس کرکے برطرف ملازمین کو بحال کیا جاسکے۔ اس موقع پر سی ای او اسٹیل ملز نے ایم کیو ایم کے وفد کی تجاویز سے اتفاق کیا اور جلد اس مسئلے پر وفاقی حکومت کو ایک رپورٹ بھیجنے کا اعادہ کیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے احتجاج کرتے مظاہرین سے بھی ملاقات کی اور انہیں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔