لاہور(نمائندہ خصوصی)رواں مالی سال میں تین صوبوں کے نظرثانی شدہ ترقیاتی اخراجات تخمینے سے تجاوز کر گئے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا ہ میں ترقیاتی اخراجات کیلئے 1692ارب روپے مختص کئے گئے لیکن اخراجات 2000ارب روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔پنجاب میںابتدا ءمیں پنجاب کا سالانہ تر قیاتی پروگرام مقامی وسائل سے 619ارب تھا۔ پنجاب کو غیر ملکی امداد سے 54ارب روپے ملنے تھے ،یہ بجٹ مجموعی طور پر بڑھ کر 712ارب روپے ہوگیا تھا۔ پنجاب کے لیے اے ڈی پی کی مد میں آئندہ بجٹ کیلئے 426ارب روپے مختص کئے گئے،پنجاب عبوری حکومت کے 120دنوں کیلئے بجٹ متوقع ہے۔سندھ کا ترقیاتی بجٹ گزر نے والے مالی سال کے لیے 424ارب روپے تھا جبکہ نظر ثانی شدہ تخمینہ بڑھ کر 442ارب روپے ہوگیا۔ آئندہ بجٹ کے لیے تخمینہ 617ارب روپے ہے۔خیبر پختونخوا ہ کے لیے طے شدہ تخمینہ 376ارب روپے تھا اور نظر ثانی شدہ تخمینہ 373ارب روپے تھا۔ آئندہ مالی سال کے لیے 268 ارب روپے رکھا جائے گا۔بلوچستان کے لیے رواں مالی سال میں ترقیاتی فنڈز 207ارب روپے مختص کیے گئے تھے ۔ رواں ماہ (جون)تک 150ارب روپے استعمال ہوں گے۔ آئندہ مالی سال کے لیے 248ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔