لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات آج ( منگل ) طلب کرلیں۔ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقرنجفی نے شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لئے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ شاہ محمود قریشی کیخلاف کتنے مقدمات درج ہیں، درخواست گزار کا پتہ اسلام آباد کا درج ہے اور شاہ محمود قریشی کا تعلق ملتان سے ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ نظربندی کا معاملہ راولپنڈی انتظامیہ نے جاری کیا تو درخواست لاہور میں کیوں دائر کی گئی۔ وکیل کا موقف سننے کے بعد عدالت عالیہ نے شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات آج بروز منگل کو طلب کرلیں۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی گوہر بانو کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ شاہ محمود قریشی سمیت سینکڑوں عہدید اروں اور کارکنوں کو نظربند رکھا گیا، عدالت عالیہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کرچکی ہے، عبوری ضمانت کے باوجود دوسری بار نظر بند کر دیا گیا۔وکیل نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کو نامعلوم مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت ان کیخلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کا حکم دے، عدالت سے استدعا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات بھی صادر کرے۔