اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں، امید ہے رواں ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ حتمی معاہدہ ہو جائے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت دوست ممالک کی مدد کے ذریعے معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سنگین بدعنوانی اور غیر قانونی لین دین کے الزامات کا سامنا ہے، قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ مستقبل میں بائیو گیس، شمسی توانائی اور پن بجلی کے شعبوں میں تجارت اور باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی دانستہ طور پر کھلے عام مقامی اور بین الاقوامی سامعین کو بڑی مہارت سے جھوٹی باتوں اور غلط بیانی سے گمراہ کر رہے ہیں،نو مئی کے واقعہ کے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا مل رہی ہے ، انسانی حقوق کی کہیں بھی پامالی نہ ہوئی اور نہ ہوگی،ہر کیس میں تمام قانونی ضابطے پورے کئے جائیں گے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا کےساتھ اپنے انٹرویوز میں عمران نیازی دانستہ طور پر کھلے عام مقامی اور بین الاقوامی سامعین کو بڑی مہارت سے جھوٹی باتوں اور غلط بیانی سے گمراہ کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان کا 9 مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی پامالی اور سیاسی احتجاج کو دبانے کے زاویے سے پیش کرنے کا مقصد بیرونی تجزیہ نگاروں کو غلط بیانیے سے دھوکہ دینا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے میں بتاتا چلوں کہ 9 مئی کو جو انکی جماعت کا ریاست پر حملہ آور ہونے کا قابلِ مذمت اقدام بد نیتی اور ناپاک عزائم پر مبنی تھا،کسی بھی ملک کو اپنی سالمیت پر ایسا حملہ قطعاً برداشت نہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ سب کو یقین ہونا چاہیے کہ اس واقعہ کے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا مل رہی ہے اور میں یہ بھی یقینی بنارہا ہوں کہ انسانی حقوق کی کہیں بھی پامالی نہ ہوئی اور نہ ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ ہر کیس میں تمام قانونی ضابطے پورے کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنی تمام تر ائینی اور انسانی حقوق سے متعلق ذمہ داریوں کا احترام کرتا ہے اور انہیں پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔