اسلام آباد /بغداد (نیوز ڈیسک)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ کے موقع پر بغداد میں عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی۔ پیر کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں وزرا خارجہ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی تعلقات سمیت تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ عراق کا دورہ کر کے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور عراق نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کی بہت بڑی تعداد ہر سال عراق آتی ہے، امید ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔