اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ ترکیہ کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں جاری شراکت داری کوفروغ دینے اورنئے منصوبوں میں گہری دلچسپی خوش آئند ہے۔اتوار کواپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاہے کہ کلیدی ترک بزنس گروپوں سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے پاکستان میں زراعت، توانائی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورتعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری اورتجارت کی ضرورت پر روشنی ڈالی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ اس سال پاکستان اورترکیہ کے درمیان 31 مئی سے آپریشنل ہونے والے اشیا ءمیں تجارت کے تاریخی معاہدے سے بہترین مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ تین برسوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم کو5 ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے کا ہدف قابل حصول ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ بات خوش آئندہے کہ ترکیہ کی بزنس کمیونٹی نے پاکستان میں جاری شراکت داری کوفروغ دینے اورنئے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہرکی ہے۔