اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر انقرہ میں مختلف ممالک کے قائدین سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کے سابق نائب وزیراعظم اور ایم ایچ پی پارٹی کے چیئرمین دولت باھچیلی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں صدر ایردوان کے ہمراہ انتخابات میں بھرپور کامیابی پر مبارک پیش کی۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف اور جمہوریہ کوسوو کی صدر وجوسہ عثمانی سادیرو کی ملاقات بھی ہوئی ، دونوں رہنما ﺅں نے نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور سیستان سرحد پر مارکیٹ کے قیام اور ایران کے صدر سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان بارٹر تجارت ایک خوش آئندپیش رفت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ صدرایردوان کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شفقت مرزایوف سے بھی ملاقات کی۔دونوں رہنماوں نے علاقائی تعاون، خطے کو رابطوں سے جوڑنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی رفتار تیز کرنے پر بات چیت کی۔