کراچی ( نمائندہ خصوصی) حکومت کی جانب سے ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے اقدامات کے ضمن میں ایک کینیڈین سرمایہ کار گروپ نے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے زارا ائیر لائن کی براہ راست پروازیں ٹورنٹو سے پاکستان کے تین بڑے شہروں کے درمیان جلد آپریٹ کی جائیں گی۔
پاکستان میں بہت جلد فضائی آپریشن کا آغاز کرنے والی نئی کینیڈین ائیرلائن ’زارا ایئرویز‘ کی جانب سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں تعارفی تقریب منعقد کی گئی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زارا ائیرویز کے سی ای او سید قلی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے کینیڈا کے درمیان مسافروں کی ہوائی سہولیات کے پیش نظرجلد زارا ایئرویز کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔سی ای او زارا ائیرویز سید قلی نے تقریب میں بتایا کہ کمپنی کینیڈا سے این او سی کا انتظار کر رہی ہے،کوشش ہے رواں سال کے اگست میں فضائی آپریشن کا آغاز کریں۔زارا ایئرلائن
سید قلی نے بتایا کہ مسافروں کی بڑی تعداد ڈائریکٹ فلائٹس لینا چاہتی ہے جو ہم فراہم کریں گے، دو 777لانگ رینج طیاروں سے آپریشن شروع کریں گے اور سول ایوی ایشن سے سلاٹس ملنے پر طیاروں کی تعداد بڑھائی بھی جاسکتی ہے، جس میں ائیرلائن میں کوڈ شئیرنگ کا آپشن بھی شامل ہے،انہوں نے مذید بتایا کہ سابق ایم ڈی پی آئی اے کیپٹن اعجازہارون زارا ائیرویز کو ایڈوائزر کی حیثیت سے ائیرلائن کو رہنمائی فراہم کریں گے، اس موقع پر اعجاز ہارون کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹ آپریشن مسافروں کی ترجیح ہے، بزرگ مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹس اور بڑے ہوائی اڈوں پر مشقت سے بچانا اولین مقصد ہے۔