انقرہ (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف کمپنی لیماک ہولڈنگز کی چئیرپرسن، ایبرو اوزدمیر نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، سیاحت اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی ۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اور نگزیب کے مطابق مس اوزدمیر پاکستان میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گی،ان کے دورہ کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں تعاون کیلئے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینا ہے،ملاقات میں مس اوزدمیر نے گلوبل انجینئرنگ گرلز (جی ای جی) پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلات بھی شیئر کیں ۔ وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق گلوبل انجینئرنگ گرلز پراجیکٹ نیکسٹ جنریشن کی خواتین انجینئرز، لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم، رہنمائی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔بیان کے مطابق پاکستان میں یہ منصوبہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی میں خواتین اور لڑکیوں کو تجربہ فراہم کرے گا اور انہیں اپنا کیریئر بہتر بنانے کے قابل بنائے گا۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے بھی شرکت کی ۔ دریں اثنااءوفاقی وزیر اطلاعات نے بتایاکہ محترمہ اوزدیمر نے ملاقات میں ”گلوبل انجینئر گرلز“ (جی ای جی) جیسے تخلیقی اور خواتین وبچیوں کی تعلیم اور ہنرمندی کے منفرد منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔