اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر (کل) 5 سے13 جون2023 تک ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجئم کے سرکاری دورے کریں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر ترقی، تجارت اور موسمیاتی تبدیلی میں سیاسی مشغولیت اور تعاون پر تبادلہ خیال کےلئے وزارتی سطح پرملاقاتیں کریں گی۔دورے کے دوران وزیر مملکت وہاں کے قانون سازوں اور مقامی تاجروں سے بھی ملاقات کریں گی۔ بیلجئم میں اپنے دورے کے دوران حنا ربانی کھر یورپی پارلیمنٹ کے اراکین اور یورپی کمیشن کے سینئر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ سویڈن میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات (ای سی ایف آر)کے سالانہ اجلاس میں کلیدی سپیکر کے طور پر شرکت کریں گے۔