راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا میں بنوں کے علاقے جانی کھیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں میں بنوں کے علاقے جانی کھیل میں جھڑپ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 2دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے2اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ اور حوالدار محمد انور شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے، مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پاک فوج پر مکمل اعتماد اور بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔