کراچی ( کرائم رپورٹر) کورنگی مہران ٹاون سے ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر جنید بلڈاگ کو گرفتار کرلیا گیا،جنید بلڈاگ 36 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی مہران ٹاون میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر جنید بلڈاگ کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز نے کہا کہ جنید بلڈاگ 36 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، گرفتار ٹارگٹ کلر پولیس کو مطلوب تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد رئیس مما کا قریبی ساتھی تھا، جنید بلڈاگ کورنگی میں ٹارگٹ کلنگ گروپ کا سرغنہ بھی رہا۔ٹارگٹ کلر نے متعدد مخالفین کو گولیاں مار کر زخمی بھی کیا جبکہ کورنگی میں پولیس بس پر حملے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔کورنگی چکراگوٹھ میں پولیس بس پر 11 اگست 2011 کو حملہ کیا گیا تھا، فائرنگ سے 4 پولیس اہلکارشہید26 اہلکار زخمی ہوگئے تھے تاہم ملزم 2013 کے بعد سے بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں روپوش تھا۔ملزم قتل، اقدام ِ قتل، جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا تاہم گرفتارملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔