کراچی( نمائندہ خصوصی) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین محمد الطاف تائی نے گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ (ایس ای ڈی)درجہ دینے کی منظوری پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اوروزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے گوادر کو ممکنہ اقتصادی پاور ہاؤس کے طور پر اہمیت دینے پر وزیراعظم میاں شہباز شریف اوروزیراعلیٰ بلوچستان کے ویژن اور ان کی دوراندیشی پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کو اس اقدام سے فائدہ اٹھاناچاہیے ۔الطاف تائی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے گوادر اکنام ڈسٹرکٹ کی تجویز کو آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے۔الطاف تائی نے کہا کہ گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ دینا آباد کا دیرینہ مطالبہ تھا۔چیئرمین نے بتایا کہ اس ضمن میں آباد نے جنوری2023 میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کومراسلہ بھیجا تھا جس پر اقدام اٹھاتے ہوئے انھوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کی تھیں۔الطاف تائی نے کہا کہ گوادر کو فری اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دینے کی تجویز خطے اور پورے ملک کے لیے گیم چینجر ہے۔ اس سے سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع کھلیں گے۔ ہمیں اس لمحے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہااس تجویز کو وفاقی بجٹ میں شامل کرکے ہم گوادر میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور اسے عالمی تجارتی مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے اپنی لگن کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔آبنائے ہرمز کے قریب گوادر کا سٹریٹجک مقام جو کہ دنیا کی مصروف ترین شپنگ لین میں سے ایک ہینے پہلے ہی بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی بے پناہ دلچسپی کو جنم دیا ہے۔ گوادر کو ا یس ای ڈی قرار دینے سے اس کی کشش میں مزید اضافہ ہوگا، ٹیکس مراعات، آسان ضابطے اور سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے دیگر فوائد حاصل ہوں گے۔ چیئرمین محمد الطاف تائی نے گودار سے ممبر بلوچستان اسمبلی میر حمل کلمتی اور سینیٹر کہدہ بابر کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی ان تھک کاوشوں سے گودار کو اسپیشل اکانومی ڈسٹرکٹ کی سمری کو بلوچستان کی کابینہ سے منظور کراکر وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔