کراچی ( کرائم رپورٹر)
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن جنہوں نے حال ہی میں نیپال میں واقع دنیا کی سب سے بڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔اسد علی میمن یہ اعزاز حاصل کرنے وا لے صوبہ سندھ کے پہلے شخص ہیں۔ کوہ پیما نے ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اوریونٹ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے اسد علی میمن کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوری قوم کے لیے حوصلے اور عزم کی عظیم مثال ہیں۔مہمان نے انتظامی، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں میں ایس ایس یو کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ بعد ازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے مہمان کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور مستقبل کی کاوشوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔