اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چےئرمین عمران خان 9مئی کے واقعات پر قوم سے معافی مانگنے کی بجائے آج تک 9مئی کا دفاع کر رہے ہیں، ان کا یہ رویہ ملک کو کسی نئے سانحے سے دوچار کرےگا۔ عمران خان خود کو ملک کی "ریڈ لائین” سمجھنا بند کریں۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیر ی رحمن نے کہا کہ 9 مئی سے اب تک عمران خان نے پرتشدد مظاہروں اور حساس تنصیبات پر حملوں پر کئی بار موقف تبدیل کئے ہیں، 9 مئی کے حوالے سے انہوں نے معذرت خواہانہ رویہ اپنایا ہوا ہے، عمران خان ابھی تک 9 مئی کے بدترین حملوں کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا یہ رویہ ملک کو کسی نئے سانحے سے دوچار کرےگا، 9 مئی کا دفاع کرنا ان حملوں میں حصہ دار ہونے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ان شرمناک واقعات پر ملک و قوم سے معافی مانگنی چاہئے تھی، لیکن افسوس ہے وہ آج تک 9 مئی کا دفاع کر رہے ہیں، عمران خان 60 ارب ڈالر کے اوپن اینڈ شٹ کیس میں گرفتار ہوئے تھے، کسی فرضی مقدمے میں نہیں ،انہوں نے اپنی گرفتاری کو "ریڈ لائین” کیسے قرار دے دیا؟ کیا عمران خان اس ملک اور قانون سے بالا تھے؟ عمران خان خود کو ملک کی "ریڈ لائین” سمجھنا بند کریں، قوم کی ریڈ لائین پاکستان اور قانون ہے، عمران خان نہیں، اب پر تشدد، انتشار اور تقسیم کی سیاست کی ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔