اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شر پسند جناح ہاوس سے لیپ ٹاپ اٹھا کر لے گئے ہیں جسے آرمی برآمد کرے گی، جلاوگھیراوکرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی معافی نہیں ملے گی۔امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے جو مذاکراتی کمیٹی بنائی اس کو حکومت نے سنجیدہ اس لیے نہیں لیا کیونکہ اب بات بہت آگے نکل گئی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جناح ہاوس پر ہونے والے حملے میں شرپسند وہاں رکھے لیپ ٹاپ اٹھا کر لے گئے ہیں جن میں حساس معلومات تھیں، اب ان لیپ ٹاپ سمیت دیگر اہم اشیا کو کوئی تھانیدار نہیں فوج ہی برآمد کرے گی اور اس کیس میں آرمی ایکٹ بھی اسی وجہ سے لگایا گیا ہے۔رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ جو لوگ جناح ہاوس یا اطراف میں داخل ہوئے ا±ن کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلے گا، اگر یہ سب عمران خان نے منصوبہ بنایا تو پھر ملٹری کورٹ میں اس کا بھی ٹرائل ہوگا،پی ٹی آئی سے لاتعلقی اختیار کرنے والے مقدمات سے بچ سکتے ہیں تاہم جلاوگھیراوکرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی معافی نہیں ملے گی۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کی مسلم لیگ ن میں گنجائش کم ہے، اکتوبر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہوں گے اور انتخابات کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔