اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی شرعی عدالت کے نئے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمٰن نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے چیف جسٹس شرعی عدالت اقبال حمید الرحمٰن سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلاء نے شرکت کی۔واضح رہے کہ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کو وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وزارتِ قانون و انصاف نے ان کی تقررری کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا تھا۔جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کو 3 سال کے لیے وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے، جسٹس اقبال حمید الرحمٰن اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے جج بھی رہ چکے ہیں۔اقبال حمید الرحمٰن سابق چیف جسٹس آف پاکستان حمود الرحمٰن کے صاحبزادے ہیں ۔