اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے 9 مئی کے واقعات پر ایک بار پھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو حساس اداروں پر حملہ کر سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی 9 مئی کے واقعات میں اپنے قصور وار ہونے سے توجہ ہٹانے کے لیے گمراہ کن الزامات لگا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کو بدنام کرنےکی تازہ چال پر کوئی غلطی نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی نئی حرکات پر مجھے کوئی حیرانی نہیں ہے، جو شخص ریاستی اداروں کے خلاف گندی زبان استعمال کر سکتا ہے اور حساس اداروں پر حملہ کر سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کو بدنام کرنےکی کوششوں کے پیچھے عمران خان کی بدنیتی چھپی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو لوگوں کو تشدد پر اکسا سکتا ہے، ریاستی علامتوں، فوجی تنصیبات پر حملہ کر سکتا ہے اور شہدا کی یادگاروں کو گرا سکتا ہے وہ کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، ایسا شخص صرف نفرت، تقسیم اور جھوٹ پھیلاتا ہے۔