لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو ان کی رہائشگاہ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا،چودھری پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا اور انہیں آج جمعہ کے روز اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کیا جائے گا، تحریک انصاف نے چودھری پرویزالٰہی کی گرفتار ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک عمل قرار دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ظہور الٰہی روڈ پر واقع ظہور پیلس سے تین گاڑیاں جانے کےلئے روانہ ہوئیں جبکہ گھر کے باہر موجود پولیس نے ان گاڑیوں کو روک لیا شیشے سیاہ ہونے پر تلاشی دینے کے لئے کہا گیا تاہم ان کی تلاشی نہ دی گئی ۔ پولیس کی جانب سے بلٹ پروف گاڑی کے شیشے کو توڑنے کی کوشش کی گئی جس پر ڈرائیور نے شیشہ کھول دیا اور گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اس میں چودھری پرویز الٰہی سوار تھے۔ پولیس نے انہیں فوری طور پر گاڑی سے نیچے اتار کر اپنی گاڑی میں سوار کرا لیا جبکہ ان کی گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا گیا ۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کرپشن کے مختلف کیسز میں اینٹی کرپشن کو مطلوب تھے۔ چودھری پرویز الٰہی کی ضمانت چند دن قبل اینٹی کرپشن عدالت نے منسوخ کر دی تھی۔